اسلام آباد(اے بی این نیوز) جمہوریہ انڈونیشیا کے سفیر عزت ماب ایڈم ملاورمن توگیو نے جمعہ کو وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی، عوامی امور، قومی ورثہ اور ثقافت انجینئر امیر مقام سے یہاں قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سینئر جوائنٹ سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت محمد بلال اور کلچرل کوآرڈینیٹر انڈونیشین ایمبیسی مس حرا خان بھی موجود تھیں۔وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے بتایا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہیں۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان دہائیوں پرانے قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں جن کی جڑیں تاریخی ہیں۔وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ثقافتی ورثے کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے اور باقاعدہ تبادلے کے لیے کوشاں ہے۔انڈونیشیا کے سفیر عزت ماب ایڈم ملاورمن توگیو نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی ورثے کے شعبے میں تعاون کے موجودہ دائرہ کار اور ترقی پسندانہ بنیادوں پر متعلقہ شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ عزت ماب انڈونیشیا کے سفیر نے وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کو انڈونیشیا دورہ کی دعوت دی جسے وزیر اعظم کے مشیر نے قبول کر لیا۔انڈونیشیا کے سفیر نے پاکستان نیشنل لائبریری میں بین الاقوامی کارنر کے قیام کے لیے جگہ فراہم کرنے کی درخواست کی جسے مشیر وزیراعظم نے منظور کر لیا۔عزت مآب سفیر نے وزیراعظم کے مشیر کا شکریہ ادا کیا اور وادی سوات کے دورے کی دعوت بھی قبول کی۔وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے انڈونیشیا کے سفیر کی کاوشوں کو سراہا اور یقین دلایا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافت میں ابھی بہت کچھ تلاش کرنا باقی ہے اور ہم ثقافتی تبادلے کا پروگرام شروع کرنے کی امید کر رہے ہیں۔انہوں نے عوام سے عوام کے رابطوں کو فروغ دینے، تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔















