تھائی لینڈ (اے بی این نیوز) تھائی لینڈ میں فٹبال میچ کے دوران پیش آنے والے دل دہلا دینے والے واقعے میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک فٹبالر جاں بحق جبکہ ملائیشین کھلاڑی سمیت 12 افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 4 اگست کی شام صوبہ ناراتھیوات کے علاقے سنگائی کولوک میں واقع سنتی پھاپ اسٹیڈیم میں گولوک ایف اے کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے دوران پیش آیا۔
واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شدید بارش کے دوران اچانک آسمانی بجلی میدان میں گری اور ایک کھلاڑی اس کی زد میں آ گیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ متعدد دیگر کھلاڑی اور افراد زخمی ہوئے۔
مقامی پولیس کے مطابق واقعہ مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً 5:30 بجے پیش آیا، جب ابو ایکس نونگ سیرن اور سام کولٹ (SAMCOLT) کے درمیان سیمی فائنل میچ جاری تھا۔ پولیس کے مطابق سام کولٹ ایک مشترکہ ٹیم ہے، جس میں تھائی لینڈ اور ملائیشیا کے کھلاڑی شامل ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے کھلاڑی کی شناخت 24 سالہ سوفوان اوائے کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے میں زخمی ہونے والے 12 افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بعض زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا، جبکہ چند افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس اور متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ خراب موسمی حالات کے باعث میچ بھی معطل کر دیا گیا۔
مزید پڑھیں:عالمی مارکیٹ میں ہلچل، سونے کی قیمتیں خریداروں کی پہنچ سے دور















