اسلام آباد( اے بی این نیوز ) اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے آج یہاں اسلام آباد میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وزیر دفاع نے صدیوں پرانی مذہبی اور ثقافتی وابستگیوں سے پروان چڑھنے والے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لئے سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای کی بھرپور اور غیر متزلزل حمایت کا شکر گزار ہے۔جوائنٹ بارڈر کمیشن (جے بی سی) کی اہمیت کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں اور اس سلسلے میں مشترکہ کوششیں کی ہیں۔ مزید براں، وزیر دفاع نے کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان میں امن کے حصول کے لیے علاقائی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ایران کے سفیر جناب سید محمد علی حسینی نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک دفاع اور توانائی کے شعبے میں وسیع تعاون کے امکانات رکھتے ہیں۔ دونوں فریقین کا مقصد مشترکہ مفاد کے مختلف شعبوں بشمول سیکورٹی، مشترکہ انسداد دہشت گردی کے اقدامات اور علاقائی اقتصادی روابط کو یقینی بنانا ہے۔















