لندن (اے بی این نیوز) انگلینڈ کے 25 سالہ فاسٹ بولر جان ٹرنر نے پروفیشنل کرکٹ سے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اپنے 5 سالہ کیریئر کا اختتام کر دیا۔
جان ٹرنر نے 2024 میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 2 ون ڈے انٹرنیشنل اور 2 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے تھے۔
تاہم وہ گزشتہ سال جون سے کمر میں فریکچر کے باعث کسی بھی پیشہ ورانہ میچ میں شرکت نہیں کر سکے۔
معاشیات میں گریجویٹ جان ٹرنر کے ہیمپشائر کے ساتھ معاہدے کی مدت میں ابھی 2 سال باقی تھے، جبکہ گزشتہ سال کے آخر تک ان کے پاس انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کا ڈویلپمنٹ کنٹریکٹ بھی موجود تھا۔
اس کے باوجود انہوں نے کرکٹ کو خیرباد کہتے ہوئے کہا کہ اب زندگی میں اگلے چیلنج کی جانب بڑھنے کا یہی درست وقت ہے۔
اپنے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے ٹرنر نے کہا کہ مسلسل انجریز، خصوصاً ایک سال سے زائد عرصے تک میدان سے دور رکھنے والے اسٹریس فریکچر، نے انہیں بطور کرکٹر اور کرکٹ سے باہر اپنی زندگی کے مستقبل پر سنجیدگی سے غور کرنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے کہا کہ پروفیشنل اور بین الاقوامی کرکٹ کھیلنا ہمیشہ میرا خواب تھا، اور ہیمپشائر اور انگلینڈ کی نمائندگی کرنا میرے بچپن کے خوابوں کی تعبیر تھا۔ تاہم میں نے کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور یقیناً یہ میری زندگی کے مشکل ترین فیصلوں میں سے ایک ہے۔
جان ٹرنر نے 2021 میں ہیمپشائر کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے کلب کے ساتھ گزارے گئے 5 برسوں کو اپنی زندگی کا بہترین دور قرار دیتے ہوئے انتظامیہ، کوچز، ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں: ایران، عمان مذاکرات کا اثر، تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی















