اسلام آباد(اے بی این نیوز ) آئین کی گولڈن جوبلی کے موقع جمعرات کے روز پارلیمنٹ میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے ”آئین پاکستان“ کے حوالے سے موبائل اپلیکشن اور پچاس روپے مالیت کے خصوصی “یادگاری سکے” کا اجراءکیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 سال کے طویل عرصہ گزرنے کے بعد آئین پاکستان کی تشکیل ایک اہم سنگ میل تھا۔ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں پارلیمان نے ملک کو 1973 میں متفقہ آئین دیا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے دیگر زعماءکے ساتھ مل کر اس اہم سنگ میل کو عبور کیا۔ 1973 کے آئین کو متفقہ طور پر منظور کرنے میں ہمارے زعماء کا کردار قابل رشک ہے۔ آئین پاکستان نے وفاق اور اسکی تمام اکائیوں کو جوڑ کر رکھا ہوا ہے۔ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔ جن اکابرین نے ملک کو متفقہ آئین دیا ان سب پر ہمیں فخر ہے۔ ان تمام سیاسی اکابرین نے اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر متفقہ آئین دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ہمیں اسی جذبے کی ضرورت ہے کہ آپس کے تمام سیاسی اختلافات کو بلا کر۔مسائل کو پارلیمان کے فورم پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔آئین پاکستان سے متعلق موبائل ایپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ ہم نے آئین پاکستان کے حوالے سے نئی نسل کو پوری آگاہی دینی ہے۔ پاکستان کی نوجوان نسل کو آئین پاکستان کے بارے میں شعور ا±جاگر کرنے میں یہ ایپ اہم کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر اسپیکر نے مختصر وقت میں کامیابی سے موبائل ایپ کی تشکیل پر چیئرمین نادرا اور ان کی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نادرا نے ہمیشہ ہماری ہر ہدایت کو احسن طریقے سے نبھایا ہے۔ اسپیکر نے آئین کی گولڈن جوبلی کی تقریبات کے کامیاب انعقاد پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے کردار کو بھی سراہا۔















