اسلام آباد(اے بی این نیوز ) ممبر قومی اسمبلی محترمہ آسیہ عظیم کی کنوینر شپ میں پارلیمنٹ ہاؤس میں آئین کی گولڈن جوبلی کی تقریب کے حوالے تقریری مقابلوں سے متعلق ذیلی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر کے وفاقی، صوبائی، نجی اور مذہبی اداروں میں تقریری مقابلوں کو حتمی شکل دینے پر غور کیا گیا۔ ممبر قومی اسمبلی محترمہ آسیہ عظیم نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل میں آئین کے اہمیت اور تقدس کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا آئین کی روح کے مطابق عمل کرنے کے لیے بہت ضروری ہے۔انہوں نے اس ضرورت پر زور دیا کہ اس قسم کے تقریری مقابلے سال بھر جاری رہیں گے تاکہ ہماری آنے والی نسل میں آئین پاکستان کے تقدس کے بارے میں شعور اجاگر ہو سکے۔ انہوں نے ملک بھر میں تقریری مقابلوں میں میرٹ کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔















