Your theme is not active, some feature may not work. Buy a valid license from stylothemes.com

لاہور ہائی کورٹ نے مفت آٹے کی میڈیا پر تشہیر روکنے کا حکم دے دیا

لاہور ( اے بی این نیوز    )لاہور ہائی کورٹ نے حکومت کی جانب سے رمضان میں تقسیم کیے جانے والے مفت آٹے کی میڈیا پر تشہیر روکنے کا حکم دیا ہے۔اس کے علاوہ عدالت نے آٹے کی تقسیم کےلئے بنایاگیا میکنزم بھی طلب کرلیا اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے محروم مستحقین کو پروگرام میں شامل کرنے کے طریقہ کار کی تفصیلات بتانے کا بھی حکم دیا ہے۔عدالت نے رمضان میں سبسڈی والے آٹے کی لوگوں کو فراہمی کے لیے رقم کی فراہمی کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ ہمیں آگاہ کیاجائے کہ آٹے کی خریداری کےلئے رقم کس مد سے آرہی ہے۔لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے سیکرٹری خزانہ پنجاب کو حکم دیا گیا ہے کہ اس حوالے سے مصدقہ تفصیلات عدالت میں پیش کی جائیں۔عدالت نے پنجاب میں آٹے کی تقسیم کے طریقہ کار اور دھکم پیل سے ہونے والی اموات کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔عدالت نے کہا کہ مستحقین کو آٹے کی فراہمی ان کا بنیادی حق ہے یہ کسی کی جانب سے احسان نہیں کیا جارہا۔افراد کی عزت نفس کا اسلامی تعلیمات میں حکم ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔عدالت کا کہنا تھا کہ بہتر تو یہ تھا کہ حضرت عمررضی اللہ تعالی عنہ کی پیروی کرتے ہوئے آٹا گھر کی دہلیز تک پہنچایاجاتا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ رمضان بازاروں یا سبسڈی کی رقم بجٹ میں منظور شدہ ہوتی ہے اور بجٹ میں منظور شدہ رقم آٹے کی تقسیم میں استعمال کرنے پر نگران حکومت پھنسے گی۔ہائی کورٹ نے کہا کہ منظور شدہ رقم تو حکومت کسی اور مد میں استعمال نہیں کرسکتی یہ تو نگران حکومت ہے۔