توشہ خانہ کیس ، عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور ،سماعت29 اپریل تک ملتوی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) توشہ خانہ کیس ،عدالت نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکر کے سماعت29 اپریل تک ملتوی کردی گئی ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت جس میں عمران خان کے وکلا نے چیئرمین پی ٹی آئی کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی اور مؤقف اختیار کیا کہ آج بھی اسلام آباد بار کی ہڑتال ہے جو 3 روز سے چل رہی ہے، عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، حکومت نے عمران خان سے سکیورٹی واپس لے لی ہے، وہ ویڈیو لنک کے ذریعے بھی عدالت میں پیش ہوسکتے ہیں لہٰذا عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے ۔خواجہ حارث نے سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کرنے کی تجویز دی جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی ۔