اسلام آباد (نیوزڈیسک)پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت شروع ہوگیا، پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرز بھی احتجاج کرتے ہوئے ایوان میں پہنچ گئے۔قومی اسمبلی اور سینیٹ کا مشترکہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں شروع ہوگیا، جس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کررہے ہیں، جس میں پی ٹی آئی کے سینیٹرز طویل عرصے بعد شرکت کررہے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرز ایوان میں احتجاج کرتے ہوئے پہنچے۔ پی ٹی آئی کارکنان نے ایوان میں داخل ہوتے ہوئے ’’لاٹھی گولی کی سرکار نہیں چلے گی، عمران تیرے جانثار بے شمار، ظلم کے یہ ضابطے ہم نہیں مانتے‘‘ کے نعرے لگائے۔پی ٹی آئی رہنماء شہزاد وسیم نے کہا کہ پہلی بار پی ٹی آئی سینیٹرز مشترکہ اجلاس میں آئے ہیں، ہمارے ارکان قومی امور پر بات کریں گے۔شہزاد وسیم نے کہا کہ قومی اسمبلی کا ایوان کافی عرصے سے نامکمل ہے، قانونی اور آئینی طریقے سے اس ہاؤس کو جلد مکمل کیا جائے، قوموں کی تاریخ میں کچھ دن اہمیت کے حامل اور سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا 8 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا، جس پر جوائنٹ سیشن میں اراکین بحث کریں گے۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر پارلیمانی امور کی پیش کردہ تحریک کے علاوہ امن و امان پر بحث ہوگی، قومی اداروں اور ان سے وابستہ شخصیات کی تکریم کا معاملہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے، معاشی صورتحال، کشمیر، سی پیک اور خارجہ پالیسی پر بھی بات ہوگی۔















