اسلام آباد( نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 29مارچ سے بارشوں کا نیا اسپیل پاکستان میں داخل ہوگا جو 31 مارچ تک جاری رہے گا۔ بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود اور مزید بارش ہونے کا امکان جبکہ رمضان کے پہلےعشرے کا اختتام بارشوں پرہوگا۔اسلام آباد میں چار دن باران رحمت برسنے کے بعد موسم کھل گیا، بدھ سے اسلام آباد، خیبرپختونخوا، پنجاب، بالائی سندھ اور کشمیرمیں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ کراچی میں بھی مغربی ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم کل شام تک بلوچستان میں داخل ہوگا، اس سسٹم کے باعث کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے، یہ سسٹم 2 اپریل تک ملک کے مختلف حصوں میں بارش برسا سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی شہر میں آج مطلع صاف رہے گا، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، 5 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، دن میں درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہےگا، دن میں ہوا 25 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی۔















