وفاقی حکومت لوگوں کی خوشحالی کے لیے ماحول دوست توانائی کے ذرائع کو فروغ دے رہی ہے،وفاقی وزیر توانائی

پشاور(اے بی این نیوز    )وفاقی وزیر برائے بجلی خرم دستگیر خان نے کہاہے کہ وفاقی حکومت پائیدار اقتصادی ترقی اور لوگوں کی خوشحالی کے لیے قابل تجدید اور ماحول دوست توانائی کے ذرائع کو فروغ دے رہی ہے ہوا، پن بجلی، کوئلہ، سولر اور بائیو انرجی سمیت تمام توانائی کے نئے ذرائع کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ پاکستان کو تیز رفتار اقتصادی اور زرعی ترقی کے لیے بجلی میں خود کفیل بنایا جا سکے ۔یہاں سواں مائرہ میں 220/765KVگرڈ سٹیشن،جو ایک سال میں 24 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا، کے افتتاح کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ میگا پراجیکٹ بجلی کی وولٹیج کو بہتر بنانے اور صنعتی و گھریلو صارفین سمیت زراعت کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی میں نمایاں مددفراہم کرے گا گرڈ سٹیشن کے لیے 1,088 کنال اراضی حاصل کی گئی ہے، یہ 132 ارب روپے کے میگا انرجی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت داسو کوہستان-مانسہرہ اور اسلام آباد-مانسہرہ کے درمیان NTDC کے ذریعے ٹرانسمیشن لائنیں بچھائی جائیں گی عالمی بنک ہزارہ ڈویژن میں ان میگا پراجیکٹس کی تکمیل میں مالی مدد کرے گا۔خرم دستگیر نے کہا کہ ان منصوبوں سے مانسہرہ کے انجینئرز اور ٹیکنیشن سمیت مقامی لوگوں اور پیشہ ور افراد کے لیے روزگار کے بہت سے مواقع پیدا ہوں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بفہ، بکریال، گھڑی حبیب اللہ اور ضلع مانسہرہ کے باقی منتخب علاقوں میں 132 کے وی گرڈ سٹیشن بھی تعمیر کیے جائیں گے تاکہ وولٹیج کو بہتر بنایا جا سکے اور لوڈ شیڈنگ کو کم کیا جا سکے۔انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد ان گرڈ سٹیشنوں کی فزیبلٹی سٹڈیز تیار کریں تاکہ اس پر عملی کام شروع کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو ہزارہ پاور الیکٹرسٹی سپلائی کمپنی قائم کرنے کاکریڈٹ جاتا ہے جس کامقصد مقامی طور پر توانائی کے مسائل کو حل کرنا اور یہاں ترقی کی رفتار کو تیز کیا جا سکے۔خرم دستگیر نے کہا کہ حکومت ملک کی یکساں ترقی پر پختہ یقین رکھتی ہے اور لوگوں کی سہولت کے لیے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں فیصل آباد اور تھر سمیت مختلف شہروں میں توانائی کے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رکے ہوئے توانائی کے منصوبوں پر کام دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے، وزیر اعظم جلد تھر کا دورہ کریں گے جہاں وہ 2000 میگاواٹ کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان کے تمام صوبوں کے لوگوں کو موٹر ویز کے ذریعے جوڑا اور ہزارہ موٹروے اس کی ایک مثال ہے پاکستانی عوام کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ ان لوگوں کو ووٹ دیں گے جنہوں نے موٹر ویز کا جال بچھا دیا، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور عظیم لیڈر نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کی شکل میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے یا پھر دھوکہ دینے والوں کو۔ تبدیلی کے کھوکھلے نعروں اور مسلسل محاذ آرائی کے ذریعے عمران خان جھوٹ پر مبنی سیاست کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم ایل این لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے توانائی کے منصوبے بنا رہی ہے جبکہ ہمارا مخالف گروپ پولیس پر پٹرول بموں سے حملے کرنے، لاہور میں سرکاری املاک کونقصان پہنچانے اور ترقیاتی کاموں کو روکنے میں ملوث ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کے پی کے عوام آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو مسترد کر دیں گے کیونکہ جھوٹ پر مبنی سیاست کرنے والے عمران خان نے خود اپنے ہی غیر ملکی سازشی بیانیے کے ڈرامے کی نفی کر دی۔خرم دستگیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام تحریک انصاف کے گزشتہ دس سالہ دور حکومت میں کھوکھلے نعروں کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں اور صوبوں کی تیز رفتار ترقی اور مسائل کے حل کے لیے پی ایم ایل این کو ووٹ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت واحد جماعت ہے جو ملک کو موجودہ چیلنجز سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے ساتھ ساتھ کے پی کے عوام کے مسائل بھی حل کر سکتی ہے۔