رمضان سے قبل، سیلاب متاثرین کو راشن فراہم کیا جائے گا،چیئرمین ہلالِ احمر

اسلام آباد(اے بی این نیوز)ہلال ِاحمر پاکستان کی جانب سے سیلاب متاثرین کی خدمت کا سلسلہ جاری، رمضان المبارک میں ہزاروں گھرانوں کوفوڈ پارسل کی فراہمی کیلئے رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کو ہے۔لاڑکانہ، قمر شہدادکوٹ، دادو، نوشہرو فیروز اور خیرپورکے متاثرین سیلاب کی ہلالِ احمر کی بی آر آئی ٹیمیں رجسٹریشن کررہی ہیں۔ رمضان سے قبل ہزاروں گھرانوں کو 51کلوگرام کا فوڈ پارسل ہلال ِاحمر کے اس مشن کا حصہ ہے جس میں عہد کیا گیا تھا کہ ہلالِ احمرآخری متاثرہ گھرانے کی بحالی تک فیلڈ میں رہے گا۔چیئرمین ہلالِ احمر سردار شاہد احمد لغاری نے اِ س عزم کا اظہار کیا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کواپنا فریضہ سمجھا ہے اور رمضان المبارک سے قبل ہزاروں گھرانوں میں راشن کی تقسیم ہلال ِاحمر پاکستان کی کمٹمنٹ کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحالی اور تعمیر نو میں بھی ہلال ِاحمر اپنا بھرپور حصہ ڈالے گا۔