اسلام آباد( اے بی این نیوز )پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے گورنر کا بیان بھارتی قیادت کے جارحانہ عزائم کا ایک اور نمونہ ہے جو خطے کے امن اور استحکام کےلئے مستقل خطرہ ہے،پاکستان اور امریکہ کے درمیان انرجی سکیورٹی ڈائیلاگ اور کلائمیٹ اینڈ انوائرمنٹ ورکنگ گروپ کے مذاکرات آئندہ ہفتے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ میں کیا۔ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے 5اور 6مارچ کو قطر کا دورہ کیا، امیر قطر نے وزیر اعظم کو اقوام متحدہ کی کم ترقی یافتہ ممالک کی پانچویں کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی دعوت دی تھی، کانفرنس میں وزیراعظم نے کم ترقی یافتہ ممالک میں پائیدار ترقی کو تیز کرنے اور انہیں خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد کرنے کے حوالے سے پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور وبائی امراض اور عالمی سپلائی چینز میں بڑے پیمانے پر رکاوٹ کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے معاشی چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے کم ترقی یافتہ ممالک کے لئے بین الاقوامی حمایت پر زور دیا،دوحہ میں وزیراعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی، تجارت و سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبے میں تعاون سمیت دوطرفہ اہمیت کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری یوم خواتین کے حوالے سے منعقد ہونے والی اہم تقریبات میں شرکت کے لئے نیویارک میں ہیں، ان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے کمیشن میں شرکت، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں خواتین کے مسائل پر مباحثوں میں خطاب اور او آئی سی وزرائے خارجہ کی کونسل کے شریک چیئر کے طور پر اسلامو فوبیا اور اسلام میں خواتین سے متعلق تقریبات کی شریک سربراہی شامل ہے۔سی ایس ڈبلیو کے 67 ویں اجلاس میں وزیر خارجہ نے خواتین کو بااختیار بنانے ، تعلیم اور کام کی تمام سطحوں تک رسائی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنے خطابات میں وزیر خارجہ نے غیر ملکی قبضے جیسا کہ فلسطین اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں خواتین کی حالت زار پر اپنی آواز بلند کی۔ انہوں نے بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر سمیت غیر ملکی قبضے والے علاقوں میں خواتین اور لڑکیوں کے خلاف ہونے والے جرائم کے لئے مانیٹرنگ میکنزم کے قیام پر زور دیا۔ترجمان نے کہا کہ “اسلام میں خواتین: اسلامی دنیا میں خواتین کے حقوق اور شناخت کو سمجھنا” کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس میں وزیر خارجہ نے مسلم معاشروں میں خواتین کے حقوق، کردار اور شناخت کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مسلمان خواتین کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے زندگی کے تمام شعبوں ، تعلیم، کاروبار، اقتصادیات، سیاست اور حکمرانی میں بے پناہ تعاون کیا ہے۔ انہوں نے غیر مسلم معاشروں میں مسلم خواتین کے مذہبی اور ثقافتی حقوق سے انکار اور مسلم خواتین کے خلاف منفی دقیانوسی اور امتیازی سلوک کے بارے میں بھی بات کی۔ترجمان نے کہا کہ جرمنی کے وزیر مملکت ڈاکٹر ٹوبیاس لنڈر نے 7 سے 8 مارچ 2023 تک پاکستان کا دورہ کیا، یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ تھا، انہوں نے وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان اور وزیر تجارت سید نوید قمر سے ملاقاتیں کیں۔ تجارت اور سرمایہ کاری، اعلیٰ تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت، نقل مکانی اور نقل و حرکت، اور موسمیاتی تبدیلی اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں کثیر جہتی دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔ جرمنی کے ساتھ تعمیری بات چیت کی حوصلہ افزائی کی ہے اور باہم بات چیت اور باہمی فائدہ مند تعاون کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کا انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ 6، 7 مارچ کو اسلام آباد میں ہوا، پاکستان کی طرف سے ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ سید حیدر شاہ کی قیادت میں وفد نے شرکت کی جبکہ امریکی وفد کی سربراہی قائم مقام کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی کرسٹوفر لینڈبرگ کر رہے تھے۔ بات چیت میں کثیرالجہتی فورمز پر انسداد دہشت گردی تعاون، علاقائی انسداد دہشت گردی کے منظرنامے کا جائزہ، سائبر سیکورٹی اور پرتشدد انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کا احاطہ کیا گیا۔ پاکستان میں امریکی امداد کے منصوبوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ دونوں فریقوں نے دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف …















