اسلام آباد (اے بی این نیوز)عمران خان کی اسلام آباد کی عدالتوں میں پیشی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت آج ہوگی،چیف جسٹس عامر فاروق آج عمران خان کی درخواست پر اعتراضات کے ساتھ سماعت کریں گے۔عمران خان نے گزشتہ روز وکلاء کے ذریعے درخواست دائر کی تھی اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے تین اعتراضات عائد کر رکھے ہیں ،اعتراضات کے مطابق عمران خان کی درخواست واضع نہیں ،ملک بھر کی ویڈیو لنک کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیسے دائر ہو سکتی ہے ؟ رجسٹرار آفس کے مطابق متعلقہ عدالت سے رجوع کے بغیر کیسے ویڈیو لنک کی درخواست قابل سماعت ہے؟
عمران خان نے فیصل فرید چوہدری ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو عدالتوں میں پیشی کے دوران سیکورٹی تھریٹس ہیں ،اسلام آباد کی عدالتوں میں پیشی کے لیے سخت سیکورٹی فراہم کی جائے ، اسلام آباد کے تمام کیسز میں ویڈیو لنک پر پیشی کی اجازت دی جائے،سکیورٹی وجوہات پر ذاتی پیشی سے عدالتی کارروائیاں بھی تعطل کا شکار ہوتی ہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ کی تمام ماتحت عدالتوں میں ویڈیو لنک پر پیشی کی استدعا کی ہے،عمران خان کی درخواست میں تمام کیسز جوڈیشل کمپلیکس میں چلانے کی بھی تجویز،درخواست میں التجا کی گئی ہے کہ پولیس کو عدالت پیشیوں کے دوران مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیاجائے۔موٹروے ہائی وے پر بھی سکیورٹی فراہمی کے احکامات دیئے جائیں ۔















