اسلام آباد (اے بی این نیوز )وفاقی دارالحکومت کی اہم شاہراﺅں اور مقامات پرسپیشل سکواڈز تعینات،ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاںکے خصوصی احکامات کی روشنی میںاسلام آباد کیپیٹل پولیس کا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف بلا تفریق کارروائیوں کاسلسلہ جاری ہے،اس سلسلے میں کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہے،اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے خصوصی اقدامات کرتے ہوئے وفاقی دارلحکومت کی اہم اور مصروف ترین شاہراﺅں اورمقامات پر خصوصی سکواڈز تعینات کئے ہیں جو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہیں، شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنانے اور حادثات کی روک تھام کے لئے زیرو ٹالرینس کی پالیسی کو اپناتے ہوئے اس مہم میں مزید تیزی لائی جارہی ہے تاکہ اسلام آباد کو حادثات سے محفوظ شہر بنایا جا سکے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے سنگین نوعیت کے حادثات جنم لیتے ہیں، سڑکوں پر منظم ٹریفک کے حصول کیلئے اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے ساتھ شہریوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،ٹریفک قوانین کی پابندی سے آپ کی اور دوسروں کی قیمتی جان بچ سکتی ہے،ٹریفک قوانین کی ہر گز پامالی نہ کریں اور اپنے آپ کو ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔















