ان والدین کو سلام جو اپنی بیٹیوں اور بیٹوں میں فرق نہیں کرتے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد( اے بی این نیوز   )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی یوم خواتین محض عورتوں کے حقوق کے تحفظ و فروغ کے تجدید عزم کا ہی نہیں بلکہ ایک گھر کو گھرانہ، معاشرے کو ماں، بہن، بیٹی اور بیوی جیسے رشتوں سے مہذب سماج بنانے والی خواتین کی قربانیوں، خدمات اور وفائوں کے اعتراف کا بھی دن ہے۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے خواتین کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر گھر میں بچیوں سے مساوی برتائوسے ہی ترقی ہوگی۔ خواتین کے عالمی دن پر ان والدین، اساتذہ کو بھی سلام جو اپنی بیٹیوں اور بیٹوں میں فرق نہیں کرتے اور ان کی زندگی میں آگے بڑھنے میں مدد کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک بچی کی تعلیم کا مطلب نسلوں کی ترقی ہے، ایک صحت مند بااعتماد بیٹی سے ہی ایک صحت مند بااعتماد اور باوقار قوم وجود میں آتی ہے۔