حکومت کی کوئی پالیسی نظر نہیں آ رہی، معیشت کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے، سابق وزیر خزانہ ن لیگ مفتاح اسماعیل

اسلام آباد ( اے بی این نیوز   )سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ حکومت کی کوئی سنجیدہ اکنامک پالیسی نظر نہیں آ رہی، معیشت کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ دوست ممالک عموماً ہماری بڑی مدد کرتے ہیں، چین نے اس صورت حال میں بھی ہمیں چند روز پہلے 70 ملین ڈالر دیے ہیں، پاکستان کی مدد کرنے پر حکومت اور عوام کو چین کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔ پہلی چیز تو یہ ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل کریں، ہمیں اس مہنگائی میں مزدور کی اجرت بڑھانی پڑے گی، جن کی تنخواہ ایک لاکھ ہے ان کی آمدن بھی بڑھانی پڑے گی، مہنگائی بھی بڑھے گی لیکن ہمیں یہ سب کرنا ہو گا۔ان کا کہنا تھا توقع تھی کہ شاید شرح سود 2 فیصد بڑھ جائے لیکن 3 فیصد بڑھائی گئی ہے اس سے حکومت کو جو سود دینا ہوتا ہے وہ بھی بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے، حکومت کو سالانہ 900 ارب روپے کا فرق پڑ جاتا ہے اور پرائیویٹ سیکٹر کو بھی فرق پڑتا ہے، یہ دونوں بہت ہی زیادہ منفی ڈویلپمنٹ ہیں لیکن اس سب کے باوجود ہم امید کرتے ہیں کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہو جائے گا تو ان شاء اللہ ہم کوشش کریں گے تو کہیں نا کہیں بہتری کی طرف جا سکتے ہیں۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا آج پاکستانی معیشت کی تاریخ کے حوالے سے ایک برا دن ہے کہ جب پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 300 روپے تک پہنچ گیا اور شرح سود بھی 3 فیصد اضافے کے بعد 20 فیصد پر پہنچ گیا۔ڈالر کی قدر بڑھنے کے حوالے سے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا جب ڈالر 240 روپے پر تھا تو اسے مصنوعی طور پر روکنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی اور خاص کر ایسی صورت حال میں کہ جب آپ کے پاس رقم ہی نہ ہو، پھر آئی ایم ایف کی شرط پر آپ ڈالر کو آزاد چھوڑتے ہیں تو وہ 230 سے چھلانگ لگا کر 260 پر چلا جاتا ہے، پھر آپ پیٹرول سستا کرتے ہیں اور پھر اگلے دو روز میں ڈالر 30 روپے بڑھ جاتا ہے، یہ کوئی سنجیدہ اکنامک پالیسی نہیں بلکہ معیشت کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے۔