پاکستان ریسکیو ٹیم ترکیہ کے زلزلہ ریسکیو مشن سے وطن واپس پہنچ گئی

لاہور(اے بی این نیوز)اقوام متحدہ کی انسراگ سرٹیفائیڈ پاکستان ریسکیو ٹیم ترکیہ میں 16 دن کے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے بعد واپس پاکستان پہنچ گئی۔ ایمرجنسی سروسزاکیڈمی پاکستان کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کے51 رکنی دستے کو وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر ٹیم کمانڈر ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت میں جنوبی ترکیہ روانہ کیا گیاتھا۔پاکستان ریسکیو ٹیم نے ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے اگلے ہی دن جنوبی ترکیہ کے شہرآدیامان میں7فروری 2023سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ آدیامان میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن ہفتہ بھر جاری رہنے کے بعد پاکستان ریسکیو ٹیم کے سرچ اینڈ ریسکیو اسکواڈز کو ہاتائے میں تعینات کیا گیا۔ ریسکیو 1122 کی جدید آلات سے لیس پاکستان ریسکیوٹیم نے آدیامن اور ہاتائے ترکیہ میں 146 مقامات پر سرچ ا ینڈ ریسکیوآپریشن انجام دیتے ہوئے ملبے تلے دبے6افراد کو آزادانہ طور پرجبکہ دیگر9 افراد کو دیگر ٹیموں کے تعاون سے زندہ ریسکیو کیا گیا۔علاوہ ازیں دونوں شہروں میں 247 جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں دیگر ٹیموں کے تعاون سے نکالی گئیں۔ پاکستان ریسکیوٹیم کی وطن واپسی پر ترکیہ کے ہوائی اڈے پر اوربعد ازاں پاکستان میں سول سوسائٹی، میڈیا کے ممبران، ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز کے افسران اور ریسکیورز کی جانب سے ٹیم کا شاندار استقبال کیا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر رضوان نصیر نے ترک عوام جنہیں تباہ کن زلزلے سے بڑے انسانی اور مادی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے، سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میںترکیہ کے ساتھ کھڑا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ صورتحال جلد ختم ہو جائے گی اور ترکیہ مزید طاقت کے ساتھ کھڑا ہو گا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ریسکیو 1122 پاکستان کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی درخواست پر 6 فروری 2023 کو ترکیہ میں زلزلہ کے نتیجے میں منہدم ہونے والی رہائشی، تجارتی اور دیگر اہم عمارتوں میں پھنسے بڑی تعداد میں ترک شہریوں کو ریسکیو کرنے کیلئے اربن سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مدد کیلئے تعینات کیا گیا تھا۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے کمرشل پروازوں میں خالی نشستوں پر پاکستان ریسکیو ٹیم کو مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے پر خصوصی طور پر سیکرٹری ایوی ایشن اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کا شکریہ ادا کیا ۔ ٹیم کے تمام ممبران نے ترکی کے زلزلہ متاثرین کے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریسکیو ٹیم مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان ریسکیو ٹیم کے اسکواڈلیڈرزنے ترکیہ میں کئے گئے ریسکیو آپریشنز کے حوالے سے اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔آخر میں زلزلہ میں جاں بحق ہونے والے ترک و شامی شہریوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی گئی۔