اہم خبریں

پرویز الٰہی نے اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو گورنر نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا نوٹی فکیشن جاری کردیں گے،ن لیگ اور اتحادی جماعتیں متفق

لاہور(نیوز ڈیسک)پنجاب اسمبلی میں کل بدھ کو طلب کیے گئے اجلاس کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) اور اتحادیوں کا اہم مشاورتی اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اگر کل پنجاب اسمبلی کا اجلاس منعقد نہ ہوا اور وزیراعلیٰ نے اعتماد کا ووٹ نہیں لیا تو گورنر نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے نوٹی فکیشن جاری کردیں گے۔اجلاس میں اسپیکر کی جانب سے گورنر کے طلب کردہ اجلاس کو غیر قانونی قرار دینے کے معاملے پر مشاورت ہوئی۔ شرکا نے رائے دی کہ کل کا اجلاس مکمل آئینی و قانونی ہے اور اس میں پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ ہر صورت میں حاصل کرنا ہوگا، اجلاس کا انعقاد نہ ہوا یا وزیراعلی نے اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو چودھری پرویز الہی اپنا عہدہ برقرار نہیں رکھ سکیں گے۔ اجلاس میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، ملک احمد خان، طارق بشیر چیمہ، چودھری سالک حسین اور عون چودھری نے شرکت کی۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی اپنے عہدے پر برقرار نہ رہے تو گورنر پنجاب نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے نوٹی فکیشن جاری کریں گے۔دریں اثنا اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کا اجلاس نہ بلانے سے متعلق موقف غلط ہے، ان کی یہ بات آئین کے خلاف ہے، گورنر اسمبلی کا اجلاس بلا سکتا ہے، اگر چار بجے اجلاس نہ ہوا اور وزیر اعلی پنجاب نے اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو وزیر اعلی اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکیں گے، اجلاس نہ ہو تب بھی وزیر اعلی کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا۔

متعلقہ خبریں