لاہور (اے بی این نیوز) پنجاب کے بڑے شہر لاہور اور ملتان میں فضائی آلودگی اور سموگ کی شدت برقرار ہے، جس کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں دشواری سمیت مختلف طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں فضائی آلودگی کی اوسط شرح 344 سے تجاوز کر گئی، جس کے بعد شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا۔
مختلف علاقوں میں صورتحال مزید خراب ریکارڈ کی گئی، پیراگون سوسائٹی میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 671 جبکہ ماڈل ٹاؤن میں 561 تک پہنچ گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج بارش کے امکانات تقریباً 10 فیصد ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد جبکہ ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 18 اور زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب ملتان میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، جہاں آلودگی کا انڈیکس 507 ریکارڈ کیا گیا۔ سموگ کے باعث شہریوں کو آنکھوں میں جلن، گلے کی خراش اور سانس لینے میں دشواری جیسی شکایات کا سامنا ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئندہ دو سے تین روز کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ بارش سے فضا میں موجود آلودگی اور سموگ کی شدت میں کمی آنے کی توقع ہے، تاہم بارشوں کے بعد موسم مزید سرد ہونے اور درجہ حرارت میں کمی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، باہر جاتے وقت مناسب حفاظتی ماسک استعمال کریں اور خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کا خصوصی خیال رکھیں۔ آنکھوں اور سانس کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا بھی ضروری ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ فضائی آلودگی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر کھلی فضا میں ورزش اور غیر ضروری سرگرمیوں سے اجتناب کریں۔
مزیدپڑھیں: راولپنڈی ٹیسٹ،سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 446 رنز بنا کر آئوٹ















