اہم خبریں

سبزی خریدنا بھی مشکل ہوگیا، ٹماٹر کی قیمتوں کو پر لگ گئے

کراچی میں ٹماٹر کی قیمت میں اچانک اضافے نے شہریوں کو پریشان کر دیا ہے، شہر کے مختلف بازاروں میں ٹماٹر 300 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا ہے، جس سے پہلے ہی مہنگائی کے ستائے عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹماٹر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام شہریوں، خصوصاً کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل بنا دیا ہے۔ کھانے پکانے میں روزانہ استعمال ہونے والی اس اہم سبزی کی قیمت میں اضافے سے گھریلو بجٹ پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔

سرکاری نرخ نامے کے مطابق درجہ اول کے ٹماٹر کی قیمت 242 روپے فی کلو جبکہ درجہ دوم کے ٹماٹر کا سرکاری نرخ 184 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ تاہم بازاروں میں سرکاری قیمتوں کے برعکس دکاندار ٹماٹر 300 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی پہلے ہی ان کی قوت خرید کو متاثر کر رہی ہے۔ آٹا، دالیں، سبزیاں اور دیگر ضروری اشیائے خورونوش خریدنا مشکل ہوتا جا رہا ہے، ایسے میں ٹماٹر کی قیمتوں میں مزید اضافہ روزمرہ زندگی کے اخراجات بڑھا رہا ہے۔

دوسری جانب سبزی فروشوں کا مؤقف ہے کہ منڈیوں میں ٹماٹر کی سپلائی کم ہونے اور مہنگے داموں خریداری کے باعث انہیں بھی زیادہ قیمت پر فروخت کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کے مطابق منڈی سے مہنگا مال ملنے کی وجہ سے پرچون قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔

شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مارکیٹوں میں سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

کراچی میں ٹماٹر کی قیمت میں اضافے نے ایک بار پھر پرائس کنٹرول کے نظام پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ شہریوں کو توقع ہے کہ انتظامیہ فوری اقدامات کرے گی تاکہ انہیں مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ دستیاب ہو سکیں۔

متعلقہ خبریں