کوئٹہ(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں آئندہ تمام اسامیوں پر بھرتیاں پبلک سروس کمیشن کے تحت کی جائیں گی۔کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی تمام نوکریاں پبلک سروس کمیشن کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مستقبل میں پانچ گریڈ سے اوپر کی تمام بھرتیاں پبلک سروس کمیشن کے تحت ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن کے تحت بھرتیوں کا فیصلہ بہت مشکل تھا کیونکہ اس سے کئی اراکین صوبائی اسمبلی ناراض ہوجائیں گے مگر ہم نے شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کیلیے کنٹریکٹ پر نوجوانوں کو بھرتی کیا جائے گا اور اگر بلوچستان سے اچھے اساتذہ نہیں ملے تو دوسرے صوبوں سے اساتذہ بھرتی کریں گے۔یونیورسٹیز میں بھی لوکل پروفیسرز ملے تو ٹھیک ورنہ غیر مقامی پروفیسرز لائیں گے۔















