اہم خبریں

بلدیاتی انتخابات،پیپلز پارٹی کی جماعت اسلامی کے تحفظا ت دورکرنے کی یقین دہانی

کراچی (نیوزڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے جماعت اسلامی کو تحفظات سے متعلق ہر ممکن اقدام کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاہے کہ ہم شروع سے چاہتے ہیں کہ جماعت اسلامی اور پی پی بلدیاتی اداروں میں مل کر چلیں۔پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی کی سربراہی میں پی پی کے وفد نے ادارہ نورِ حق میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے نتائج پر ہمارے شدید تحفظات ہیں، جہاں جہاں یہ چیزیں بہتر بناسکتے ہیں بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جہاں ہمیں لگا کہ حکومت اپنا اثر نہیں ڈال رہی تو بات چیت بڑھا سکتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں مسائل ہیں ان پر بات کی ہے، پی پی رہنماؤں نے بھی مثبت جواب دیا ہے جبکہ مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ جگہوں پر دوبارہ گنتی کا عمل جاری ہے، ہمیں جو تکلیف پیش آئی وہ فارم 12 اور 11 کا حصول تھا۔ان کا کہنا تھا کہ نتائج لینے کے معاملے پر بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، دوبارہ گنتی کے نتیجے میں مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے اچھی خاصی نشستیں جیتی ہیں، ہم شروع سے چاہتے ہیں کہ جماعت اسلامی اور پی پی بلدیاتی اداروں میں مل کر چلیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت کا پی پی کے ساتھ چلنا شہر کے مفاد میں ہے۔سعید غنی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے تحفظات، اعتراضات دور کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ آگے بات چیت کے مراحل بھی جاری رکھیں گے۔سعید غنی نے کہا کہ حکومت کے براہ راست اختیار میں بہت ساری چیزیں نہیں ہوتی، جماعت اسلامی کے تحفظات دور کرنے میں سندھ حکومت جو کرسکتی ہے کرے گی۔پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ مسائل کے حل کے لیے دونوں جماعتیں ایک دوسرے سے تعاون رکھیں گی۔

متعلقہ خبریں