اہم خبریں

ہنڈا اٹلس کا بڑا اعلان، سی ڈی 70 مالکان کے لیے سنہری موقع

ہنڈا اٹلس کا بڑا اعلان، سی ڈی 70 مالکان کے لیے سنہری موقع

کراچی ( اے بی این نیوز) ایٹلس ہونڈا نے ملک بھر میں موٹر سائیکل سواروں کے لیے نئی اور پرکشش ایکسچینج اسکیم متعارف کرادی، جس کے تحت پرانی ہونڈا سی ڈی 70 کے مالکان اپنی استعمال شدہ موٹر سائیکل دے کر نئی ہونڈا سی ڈی 70 حاصل کرسکیں گے۔

کمپنی کے مطابق یہ سہولت ان صارفین کے لیے متعارف کرائی گئی ہے جو پرانی موٹر سائیکل کی مرمت، کم فیول ایوریج اور دیگر مسائل سے پریشان ہیں اور نئی موٹر سائیکل خریدنے کے خواہش مند ہیں۔

پرانی موٹر سائیکل کی قیمت کیسے طے ہوگی؟
ایکسچینج اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین کو اپنی پرانی ہونڈا سی ڈی 70 کمپنی کے مجاز تھری ایس ڈیلرشپ سینٹر پر لانا ہوگی، جہاں ٹیکنیکل ٹیم موٹر سائیکل کے انجن، فریم اور مجموعی حالت کا تفصیلی معائنہ کرے گی۔

معائنے کے بعد موٹر سائیکل کی مارکیٹ ویلیو طے کی جائے گی، جسے نئی سی ڈی 70 کی قیمت میں سے منہا کردیا جائے گا۔ صارف کو صرف بقیہ رقم ادا کرنا ہوگی۔

نئی سی ڈی 70 کی قیمت
پاکستان میں ہونڈا سی ڈی 70 کی موجودہ قیمت ایک لاکھ 59 ہزار 900 روپے بتائی گئی ہے۔

کمپنی کی جانب سے پرانی موٹر سائیکل کے لیے کوئی مقررہ قیمت طے نہیں کی گئی۔ اس کی حتمی قیمت کا انحصار ماڈل، مکینیکل حالت اور ظاہری صورتحال پر ہوگا۔

ماہرین کے مطابق اوپن مارکیٹ میں پرانی موٹر سائیکل فروخت کرنے پر بعض اوقات بہتر قیمت حاصل کی جاسکتی ہے، تاہم ڈیلرشپ کا ایکسچینج پروگرام صارفین کو وقت کی بچت، ادائیگی کے خطرات اور کاغذی کارروائی کی پیچیدگیوں سے بچنے کا نسبتاً آسان راستہ فراہم کرتا ہے۔

پرانی موٹر سائیکل کے بدلے نئی ہونڈا سی ڈی 70 حاصل کرنے کے خواہش مند افراد اپنے قریبی ایٹلس ہونڈا مجاز شوروم یا تھری ایس ڈیلرشپ سے رابطہ کرکے اس اسکیم کی تفصیلات معلوم کرسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں‌:سائبر خطرات کے خلاف بڑا اقدام، کیسپرسکی نیکسٹ میں جدید مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کا اضافہ

متعلقہ خبریں