کابل (اے بی این نیوز) افغانستان نے بھارت کے خلاف تین ٹی20 انٹرنیشنل میچز کی سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، جس میں فاسٹ بولر نوین الحق کی انجری سے صحت یابی کے بعد واپسی ہوئی ہے۔
ابراہیم زدران کو افغانستان کی ٹی20 ٹیم کا مستقل کپتان مقرر کیا گیا ہے، جبکہ بھارت کے خلاف سیریز ان کی مستقل کپتان کی حیثیت سے پہلی ذمہ داری ہوگی۔ تینوں ٹی20 میچز 13، 15 اور 17 ستمبر کو نئی دہلی میں کھیلے جائیں گے۔
نوین الحق دائیں کندھے میں اسٹریس فریکچر کے باعث افغانستان کی حالیہ ٹی20 سیریز اور ٹی20 ورلڈ کپ 2026 سے بھی باہر ہوگئے تھے۔ انجری سے مکمل صحت یابی کے بعد انہیں دوبارہ قومی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے ان کیپڈ وکٹ کیپر بیٹر نور رحمان کو بھی پہلی مرتبہ قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ بطور دوسرے وکٹ کیپر ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
افغانستان کا 15 رکنی اسکواڈ
ابراہیم زدران (کپتان)، رحمان اللہ گرباز، نور رحمان، صدیق اللہ اتل، درویش رسولی، عظمت اللہ عمرزئی، گلبدین نائب، محمد نبی، راشد خان، ننگیال خروٹی، نور احمد، مجیب الرحمان، فضل الحق فاروقی، عبداللہ احمدزئی اور نوین الحق۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے تین ریزرو کھلاڑی بھی نامزد کیے ہیں، جن میں اجاز احمدزئی، شاہداللہ کمال اور فرید احمد ملک شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:ای سی سی کا بڑا فیصلہ، پٹرولیم مصنوعات کی درآمد کی منظوری دے دی گئی















