صدر مملکت آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمن کا چین کے سفارت خانے کا دورہ

اسلام آباد(نیوزڈیسک)صدر مملکت آصف زرداری نے چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا، چینی سفیر چیانگ زئے دونگ نے سفارت خانےآمد پر صدر آصف علی زرداری کا استقبال کیا۔

صدرِ پاکستان نے بشام میں دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پرحکومت کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا کہا دشمن یہ قبول نہیں کر سکتے کہ پاک چین دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات لیے جائیں گے۔

آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ یہ واقعہ پاک چین دوستی کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا تھا، پاکستانی قوم چینی عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے، دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام چینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مزیدپڑھیں:ایف بی آر کا ملازمین کی تفصیلات کیلئے سول انٹیلی جنس ایجنسی کو ٹاسک

چینی سفیر نے تعزیت کے لیے ذاتی طور پر سفارت خانے کا دورہ کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔ چینی سفیر نے انسداد ِدہشت گردی میں تعاون بڑھانے ، پاکستان میں چینی کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

چینی سفیر چیانگ زئے دونگ نے کہا کہ دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں، بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے پر پکڑنے کی ضرورت ہے۔

چینی سفیر نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے، سی پیک سمیت دیگر منصوبوں کیلئے حمایت جاری رکھنے کے چینی عزم کا اعادہ کیا۔

دوسری جانب جےیوآئی کےسربراہ مولانافضل الرحمن بھی چینی سفارتخانہ پہنچے اور چینی سفیر سے ملاقات کی۔

مولانافضل الرحمن نے ملاقات میں چینی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا، دونوں رہنماؤں نے امن وامان سمیت دیگرمعاملات پرگفتگو بھی کی۔