پشاور(بیورورپورٹ)سرکاری سستے آٹے کے لئے دھکم پیل کے باعث بارہ افراد زخمی ہو گئے اشرف روڈ ،رامپورہ ، فقیر آباد، یوسف آباد ،رنگ روڈ ، بخشو پل میں سرکاری آٹے کے حصول کے لئے معذور افراد ، خواتین کو شدید ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔ سرکاری سستا آٹا کے حصول ناممکن ہو گیا ہے شہری لمبی قطاروں میں لگ کر آٹا لینے پرمجبور ہو گئے ہیں ۔ گزشتہ روز اشرف روڈ ، فقیر آباد اور رنگ روڈ پر آٹے کے حصول کے لئے دھکم پیل کے باعث بارہ افراد معمولی زخمی ہو ئے جبکہ بعض کے کپڑے بھی پھٹ گئے ۔ جبکہ لڑائی جھگڑے معمول بن گئے ہیں لڑائی جھگڑے کے باعث اشرف روڈ اوررامپورہ میدان جنگ میں ہر وقت تبدیل ہو جاتا ہے ۔ آٹے کے حصول کے لئے آنے والے افراد کے موقف کے مطابق سرکاری آٹا منظور نظر افراد اور بعض ہوٹلوں پر فروخت ہورہا ہے ۔















