کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی میں سرد ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ،شمالی علاقہ جات شوگران ، کاغان اور ناران میں شدید برف باری جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج حد نگا ہ انتہائی کم ہو گئی ۔تفصیلات کے مطابق آج شہر کا درجہ حرارت 12 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے، شمال مغرب سے 24 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواوں کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ، شہر میں گیس کی قلت بھی بڑھ گئی ہے، تقریباً 40 فیصد علاقوں میں کھانے کے اوقات میں بھی گیس غائب ہونے سے پریشان ۔دوسری جانب وادی کاغان کے تفریحی مقامات شوگران، کاغان اور ناران میں ڈیڑھ فٹ تک برف پڑنے کی وجہ سے کاغان سے آگے کے علاقوں میں سیاحوں کا داخلہ بند کردیا گیا ہے،وادی نیلم اور بالائی علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، برفانی تودے گرنے سے لوات بالا، سب ڈویژن شاردہ کی رابطہ سڑکیں بند ہیں۔شونٹھر اور گریس ویلی کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور موبائل سروسز معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی شدید دھند اور حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹرویز سمیت اہم شاہراہوں کو سفر کیلئے بند کر دیا گیا۔ترجمان موٹرویز پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ٹو کو لاہور سے کوٹ مومن ، لاہور ملتان موٹروے ایم تھری کو فیض پور سے درخانہ، موٹروے ایم فور کو پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور موٹروے ایم الیون کو لاہور سے سیالکوٹ تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔















