برطانوی حکومت میں اکھاڑ پچھاڑ، ڈیوڈ کیمرون وزیرخارجہ،جیمز کلیوری وزیرداخلہ مقرر

لندن (نیوزڈیسک)برطانوی حکومت میں اکھاڑ پچھاڑ، سابق وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نئے وزیر خارجہ جبکہ جیمز کلیوری سویلا بریورمین کی جگہ وزیر داخلہ تعینات کردیا گیا۔برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے اپنے بیان میں کہا کہ امید ہے میرا تجربہ، وزیر اعظم کو خارجہ امور میں اہم چیلنجز سے نمٹنے میں مدد فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم رشی سونک مضبوط اور قابل وزیر اعظم ہیں۔ ہمیں یوکرین جنگ، مشرق وسطیٰ کے بحران سمیت متعدد بین الاقوامی چینلجز کا سامنا ہے۔یاد رہے کہ برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے کابینہ میں اعلیٰ سطح پر رد و بدل کرتے ہوئے سویلا بریورمین کی جگہ جیمز کلیوری کو وزیر داخلہ مقرر کر دیا ہے۔برطانوی وزیراعظم کے 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے دفتر کی جانب سے سوشل میڈیا پر جیمز کلیوری کو وزیر داخلہ بنائے جانے کی تصدیق بھی کی گئی ہے۔واضح رہے کہ سویلا بریورمین کو ملک میں فلسطینیوں کے حق میں ہونے والے مارچ سے نمٹنے کی حکمت عملی سے متعلق بیان تنقید کا سامنا تھا۔وزیراعظم رشی سونک پر وزیر داخلہ سویلا بریورمین کو مستعفی کرنے کا دباؤ بھی تھا۔برطانوی میڈیا کے مطابق وزیراعظم رشی سونک نے سویلا بریورمین سے مستعفی ہونے کی درخواست کی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔