اہم خبریں

امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کی چینی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ ، اسرائیل ،فلسطین تنازعہ پر مدد مانگ لی

نیویارک(نیوزڈیسک) مشرق وسطیٰ میں کشیدہ حالات کے پیش نظر امریکہ نے چین سے مدد طلب کرلی۔ ذرائع کے مطابق امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کا چینی وزیرخارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں اسرائیل فلسطین تنازعہ حل کیلئے چین سے تعاون کی اپیل کردی۔امریکی وزیر خارجہ سے رابطے کے دوران چینی وزیر خارجہ نے فوری عالمی امن کانفرنس بلانے کا مطالبہ کردیا ۔ چینی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل فلسطین تنازعہ میں اضافے اور تنازع کے قابو سے باہر نکلنے کا خدشہ ہے۔ چین عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں اور سویلین کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانے کے ہر عمل کی مذمت کرتا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے اسرائیل کی جانب سے ایک طرف غزہ پر بمباری جاری ہے تو دوسری طرف لبنان کی سرحدی علاقوں پر بھی حملے کیے جا رہے ہیں جبکہ اسرائیلی افواج کی جانب سے شام کے شہر حلب پر حملوں کابھی دعویٰ کیا گیا ہے۔دوسری جانب لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے لبنانی علاقوں میں گولہ باری کے جواب میں اسرائیل پر راکٹوں اور ٹینک شکن میزائلوں سے حملہ کرکے شیبا فارمز کے سرحدی علاقے میں اسرائیلی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں