تل ابیب ( اے بی این نیوز )حماس اور اسرائیل تنازعہ کے شدت اختیار کرنے کے بعد پوری دنیا سے مختلف ردِ عمل سامنے آ رہے ہیں۔ حال ہی میں ملٹی نیشنل کمپنی، میک ڈونلڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر اسرائیل کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے اور کمپنی کی جانب سے اسرائیلی افواج کو مفت کھانا دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ میکڈونلڈز ملک کے کچھ حصوں میں اسرائیلی ڈیفنس فورسز اور شہریوں کو سینکڑوں مفت کھانے کا عطیہ دے رہا ہے۔ اوٹاو اور ہے کے رہائشیوں کے ساتھ ساتھ سیکورٹی فورسز، ہسپتال اور پولیس کے ارکان کو بھی مفت کھانا مل رہا ہے۔ میکڈونلڈز کی جانب سے تمام شاخیں سیکورٹی فورسز کے ارکان کے لیے 50 فیصد رعایت کی پیشکش کر رہی ہیں۔ میکڈونلڈ کی پانچ شاخیں کھولی گئی ہیں جن کے ذریعے اسرائیلی سیکیورٹی اور ریسکیو فورسز کو روزانہ کی بنیاد پر تقریبا 4000 کھانے اسرائیلی فوج کو عطیہ کیے جائیں گے۔ یہ خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی پوسٹیں سامنے آنے لگیں، اور دنیا بھر کے مسلمان برگر کمپنی کے اس اعلان سے ناخوش دکھائی دے رہے ہیں۔ انٹرنیٹ صارفین برگر جائنٹ کا بائیکاٹ کرنے اور فلسطین کی حمایت کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔















