یورپ ، امریکا میں شدید گرمی، یونان کے جنگلات میں آگ لگ گئی

واشنگٹن،برسلز،ایتھنز(نیوزڈیسک)یورپ اور امریکا میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے، یونان کےجزیرے روڈس کے جنگلات میں آگ لگ گئی۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اٹلی، یونان، اسپین میں بھی گرمی کا زور برقرار ہے۔یونان کےجزیرے روڈس کے جنگلات میں آگ لگ گئی، جس کے بعد وہاں سے 30 ہزار افراد کا انخلاء کرا لیا گیا ۔یونان کے جزیرے روڈس میں سیاحوں اور رہائشیوں کو اسکولوں اور ہوٹلوں میں پناہ دی گئی ہے۔یونان میں شدید گرمی اور خشک موسم جنگلات کی آگ بھڑکانے کا سبب بن رہا ہے۔ امریکا کی جنوب مغربی اور شمالی ریاستیں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔امریکی شہر فینکس میں 3 ہفتے سے درجۂ حرارت مسلسل 43 ڈگری سے اوپر ریکارڈ کیا گیا ہے۔امریکی محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ کچھ روز میں 8 کروڑ امریکیوں کو41 ڈگری درجۂ حرارت کا سامنا رہے گا۔ماہرین نے جولائی کے دوران امریکا میں ریکارڈ گرمی پڑنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔