پاکستان میں انتخابات کا اعلان خوش آئند ہے، امریکا

واشنگٹن(اے بی این نیوز) امریکا نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے حکومت کی مدت پوری ہونے کے بعد انتخابات کے اعلان کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پُرامن اور منصفانہ الیکشن کے انعقاد کی امید کرتے ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار امریکا کی نائب معاون وزیر خارجہ الزبتھ ہرسٹ نے کیا اور پاکستان کے ساتھ پائیدار شراکت داری کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
امریکا کی نائب معاون وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں معیشت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث غیر متوقع بارشوں اور سیلاب کو پاکستان کے لیے بڑے چیلنجیز قرار دیدیا۔ امریکا نے پاکستان کے سیلاب متاثرین 215 ملین ڈالر امداد بھی دی۔الزبتھ ہرسٹ نے مزید کہا کہ پاکستانی مصنوعات کا سب سے بڑا خریدار امریکا ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ گزشتہ برس 9 بلین ڈالر کی تجارت ہوئی جب کہ امریکا کی طرف سے براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 250 ملین ڈالر رہی۔نائب معاون وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا اور پاکستان متعدد معاملات میں مشترکہ مفادات ہیں۔ پاکستان کو چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔