ڈھاکہ(نیوزڈیسک) بنگلہ دیش میں بس خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہوگئی ، بے قابو بس سڑک کے قریب ایک گہرے تالاب میں گر گئی۔ حادثے میں 17 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔ حادثہ ضلع جھل کٹھی میں پیش آیا بس میں 60 سے زائد مسافرسوار تھے۔ذرائع کے مطابق حادثہ گنجائش سے زیادہ مسافر بٹھانے کے باعث پیش آیا۔ چھت پر ایک درجن سے زائد مسافرسوارتھےا ور بس کی رفتار بھی کافی تیز تھی ۔ ڈرائیور موڑ کاٹتے ہوئے توازن برقرار نہ رکھ سکا۔ریسکیو اہلکاروں نے 35 افراد کو تالاب میں سے بحفاظت نکال لیا جبکہ 17 لاشیں بھی نکالی گئیں۔ زندہ بچ جانے والوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 9 زخمیوں کی حالت نازک ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ڈرائیور اور بس کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔















