امریکا ، دھماکے کے بعد ورکشاپ میں آگ لگنے سے 4 افراد ہلاک

نیویارک(نیوزڈیسک)امریکا کے شہر نیویارک میں الیکٹرک بائیک کی ورکشاپ میں دھماکے کے بعد آگ لگنے سے 4 افراد ہلاک اور دو جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک کے مرکزی علاقے مین ہٹن کی 6 منزلہ عمارت کی نچلی منزل پر قائم الیکٹرک بائیک کی ریپئر شاپ کو خوفناک آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔رپورٹ کے مطابق آگ سے جھلس کر 4 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔نیویارک شہر کے فائر بریگیڈ حکام کا کہناتھا کہ ممکنہ طور پر آگ لگنے کی وجہ لیتھیم بیٹری تھی، جو گرم ہوکر دھماکے سے پھٹ گئی۔ آگ کے تیزی سے پھیلنے کے بعد عمارت کو مکینوں سے خالی کرالیا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ ورکشاپ میں موجود کئی گاڑیاں بھی جل کر خاکستر ہوگئیں۔