Your theme is not active, some feature may not work. Buy a valid license from stylothemes.com

پاکستان اور ایران کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

تہران(نیوزڈیسک)پاکستان او ایران نے تہران میں دو روزہ دوطرفہ سیاسی مشاورت کا آغاز کر دیا۔ دونوں فریقوں نے تجارت، نقل وحمل اور رابطوں کو بڑھانے پر بات چیت شروع کی ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہاہے کہ اس بات چیت میں سرحدی سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی پر بھی توجہ دی جائے گی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق دو طرفہ سیاسی مشاورت کے 12 ویں دور میں اپنے تعلقات کی مختلف جہتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تجارت، ٹرانسپورٹ اور رابطوں کو بہتر بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔واضح رہے پاکستان اور ایران مذہبی، لسانی اور ثقافتی وابستگی رکھتے ہیں اور حالیہ برسوں میں ان کے سرکاری رابطوں اور مصروفیات میں اضافہ ہوا ہے۔ ایران پہلی ریاست تھی جس نے آزادی کے بعد پاکستان کو تسلیم کیا تھا۔ پاکستان نے بھی 1979 کے انقلاب کے بعد تہران میں نئے نظام کو قبول کرنے میں دیر نہیں لگائی تھی۔پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایک ٹوئٹر پوسٹ میں مشاورت کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے دونوں فریقین کے درمیان ہونے والی بات چیت کو نتیجہ خیز قرار دیا۔سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان نے ٹوئٹر پر کہا کہ دونوں فریقوں نے تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ روابط، ثقافتی تبادلے اور تعلیمی روابط میں تعاون کو گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔پاکستانی سیکرٹری خارجہ نے ٹوئٹر پر تہران پہنچنے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ یہ دیکھ کر بہت خوش ہیں کہ 2004 میں میرے پہلے دورے کے بعد سے یہ عظیم شہر گذشتہ سالوں میں کس قدر بہتر ہوگیا ہے۔ میں اپنے بھائی علی باقری کنی کے ساتھ مشاورت کے نتیجہ خیز دور کا انتظار کر رہا ہوں۔‘‘اسد مجید خان ایران میں اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اور پاکستان ایران پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے چیئرمین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔