ترکیہ زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے ایک ارب ڈالر کی ضرورت ہے ،اقوام متحدہ کی اپیل

نیویارک (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ نے ترکیہ زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے ایک ارب ڈالر کی اپیل کردی۔تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ ایک ارب ڈالر سے ترکیہ کے 52 لاکھ افراد کو تین ماہ کیلئے انسانی امداد کی فراہمی ممکن ہوسکے گی، ضرورتیں بہت زیادہ ہیں اور لوگ تکلیف میں ہیں مزید وقت ضائع نہیں کیا جا سکتا، میں عالمی برادری سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آگے بڑھے اور اس دور کی سب سے بڑی قدرتی آفات میں سے ایک کیلئے فنڈ فراہم کرے۔دوسری جانب زلزلہ متاثرہ علاقوں میں ہزاروں امدادی کارکن سرد موسم کے باوجود ملبے میں زندگی کے آثار تلاش کررہے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ملبے میں زندہ بچ جانے والوں کے حوالے سے اُمیدیں دم توڑ رہی ہیں پہلے بھی خدشہ ظاہر کیا جاچکا ہے کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار سے بڑھ سکتی ہیں ۔ واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو آنیوالے 7 اعشاریہ 8 شدت کے زلزلے سے اموات کی مجموعی تعداد 42 ہزار تک پہنچ چکی ہے ، زلزلے کے نتیجے میں ترکیہ اور شام میں بڑے پیمانے پر جانی ومالی نقصان ہوا ہے جبکہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ۔