تہران (اے بی این نیوز)ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ دوسرے دور کے مذاکرات کے لیے ایرانی وفد پاکستان نہیں جائے گا۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کا کوئی ارادہ نہیں، امریکا نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، امریکا کی جنگ بندی کی خلاف ورزی سے پاکستانی ثالث کو آگاہ کردیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایران پر امن ملک ہے، امریکا نے دکھا دیا کہ وہ سفارتی عمل کو آگے بڑھانے میں سنجیدہ نہیں، امریکا نے جارحانہ کارروائیوں کا ارتکاب کیا ہے اور جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزی کی۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکی تجاویز غیر سنجیدہ اور اس کے مطالبات غیر حقیقت پسندانہ ہیں، ایران نے اپنے مطالبات کو واضح طور پر بیان کیا ہے اور انہیں تبدیل نہیں کرے گا، ایران کے قومی مفادات کے تحفظ کی بات آتی ہے تو ہم ڈیڈ لائنز یا الٹی میٹم پر یقین نہیں رکھتے۔
اس سے قبل ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی کا کہنا ہے کہ ہم موجودہ مذاکرات کو میدانِ جنگ کا تسلسل سمجھتے ہیں، ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قطری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ مذاکرات کا یہ مطلب نہیں کہ کسی بھی قیمت پر بات چیت کی جائے، مذاکرات کا یہ مطلب نہیں کہ دوسرے فریق کے ہر طریقہ کار کو قبول کر لیا جائے۔
مزید پڑھیں: اسرائیل کی لبنان پر شدید بمباری،شہریوں کو وارننگ دیدی















