اسرائیل کو حزب اللہ کیخلاف جنگ میں ناکامی سے خبردار کردیا،امریکا

واشنگٹن (نیوزڈیسک)امریکی صدر نے اپنے اہم ترین ساتھیوں کو مشرق وسطیٰ بھیجا ہے تاکہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ شروع ہونے سے روکی جا سکے۔یہ دعویٰ امریکی اخبارنے ایک رپورٹ میں کیا۔اخبارنے امریکی دفاعی انٹیلی جنس ایجنسی کے حوالے سے ایک رپورٹ میں کہا کہ امریکا نے اسرائیل کو حزب اللہ کے ساتھ جنگ میں ناکامی سے خبردار کیا ہے۔یہ رپورٹ اس وقت سامنے آئی ہے جب اسرائیل کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اس کی جانب سے لبنان میں ایک بڑا فوجی آپریشن شروع کیا جا سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی جانب سے 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کو روکنے میں ناکامی پر ہونے والی تنقید پر اپنی سیاسی بقا کے لیے غزہ میں جاری جنگ کو لبنان تک توسیع دی جاسکتی ہے۔امریکی انتظامیہ کی جانب سے اسرائیل کو انتباہ کیا گیا ہے کہ جنگ کو لبنان تک پھیلانا خطرناک ہو سکتا ہے۔امریکی عہدیداران کے مطابق اسرائیل ممکنہ طور پر حزب اللہ کے ساتھ جنگ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوگا، کیونکہ غزہ میں کارروائیوں کی وجہ سے اسرائیل کی فوجی صلاحیت کم ہو چکی ہے۔امریکی روزنامے سے جو بائیڈن انتظامیہ کے ایک درجن سے زائد عہدیداران اور سفارتکاروں نے بات کرتے ہوئے ان خدشات کا اظہار کیا۔