اسلام آباد ہائیکورٹ، سائفر کیس کی سماعت روکنے کا حکم

اسلام آباد(نیوزڈیسک) اسلام آبادہائیکورٹ نے خصوصی عدالتوں کو چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف سائفر کیس کی سماعت روکنے کا حکم دیدیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اوپن کورٹ سماعت اور جج تعیناتی کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت ہوئی ۔ جسٹس میاں گل حسن اورجسٹس ثمن رفعت امتیازنے کیس کی سماعت کی۔چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ اور ڈپٹی اٹارنی جنرل ارشد کیانی عدالت میں پیش ہوئے۔اٹارنی جنرل نے دلائل کا آغاز کیا اور عدالت کو ٹرائل کی کارروائی سے متعلق آگاہ کیا۔ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے سائفر کیس کے جیل ٹرائل کی منظوری دی، وفاقی کابینہ کی منظوری کا نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کردیں گے۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ نوٹیفکیشن دیکھیں گے کہ کیا لکھا ہوا ہے۔جسٹس میاں گل حسن نے ریمارکس دیئے کہ خاندان کے چند افراد کےسماعت میں جانے کا مطلب اوپن کورٹ نہیں، جس طرح سائفر کیس میں فرد جرم عائد کی گئی اسے اوپن کورٹ کارروائی نہیں کہہ سکتے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے خصوصی عدالتوں کو سائفرکیس کی سماعت روکنے کا حکم دیتے ہوئے حکم امتناعی جاری کردیا۔