اہم خبریں

نقیب اللہ محسود کیس میں اہم پیش رفت، عدالت نے بڑا فیصلہ سنا دیا

نقیب اللہ محسود کیس میں اہم پیش رفت، عدالت نے بڑا فیصلہ سنا دیا

کراچی (اے بی این نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ محسود قتل کیس میں عدم شواہد کی بنیاد پر شعیب شوٹر، امان اللہ مروت سمیت 7 ملزمان کو بری کر دیا۔

عدالت کے فیصلے کے مطابق بری ہونے والے دیگر ملزمان میں گدا حسین، صداقت حسین، ریاض احمد، راجا شمیم اور محسن عباس شامل ہیں۔

نقیب اللہ محسود کو جنوری 2018 میں کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک مبینہ پولیس مقابلے میں قتل کیا گیا تھا۔ پولیس نے اس کارروائی کو دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ قرار دیا تھا، تاہم بعد ازاں معاملے کی تحقیقات میں نقیب اللہ اور دیگر مقتولین کو بے گناہ قرار دیا گیا تھا۔

اس کیس میں جنوری 2023 میں انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت 18 پولیس اہلکاروں کو عدم شواہد کی بنیاد پر بری کر دیا تھا، جبکہ 7 ملزمان مفرور تھے۔

سرکاری وکیل کے مطابق مفرور ملزمان نے بعد ازاں عدالت کے فیصلے کے بعد سرنڈر کیا، جس کے بعد ان کے خلاف مقدمے کی کارروائی آگے بڑھی۔

نقیب اللہ محسود کا مقدمہ ملک کے ہائی پروفائل مقدمات میں شامل رہا اور سپریم کورٹ نے بھی اس کا ازخود نوٹس لیا تھا۔ نقیب اللہ کے اہل خانہ کی جانب سے پولیس مقابلے کو جعلی قرار دیا گیا تھا، جبکہ سابق ایس ایس پی راؤ انوار کی جانب سے ان پر دہشت گرد تنظیم سے وابستگی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں‌:آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق بڑی پیشکش، ایران نے اہم شرط رکھ دی

متعلقہ خبریں