اہم خبریں

بارشوں کا نیا سلسلہ، این ڈی ایم اے نے بڑا الرٹ جاری کردیا

بارشوں کا نیا سلسلہ، این ڈی ایم اے نے بڑی پیشگوئی کردی

اسلام آباد (اے بی این نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خطہ پوٹھوہار اور بالائی خیبر پختونخوا میں آج سے 17 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ بالائی خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان، پشاور اور ملحقہ علاقوں میں بھی شدید بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق سائنسی ماڈلز موسمی نظام کے باعث مختصر دورانیے میں شدید بارش کی نشاندہی کررہے ہیں۔ متوقع بارش کے باعث نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور شہری علاقوں میں مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے نتیجے میں ندی نالوں میں پانی کے تیز بہاؤ، مقامی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ شدید بارش کے دوران نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

اتھارٹی نے ممکنہ سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے اور مقامی انتظامیہ، محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین موسمی و ہنگامی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
مزیدپڑھیں‌:ہائبرڈ گاڑیوں پر سیلز ٹیکس میں بڑی کمی، قیمتیں کم ہونے کا امکان

متعلقہ خبریں