اہم خبریں

این ڈی ایم اے کا بالائی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری

سیلاب الرٹ جاری کرتے ہوئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک کے بالائی علاقوں میں 10 سے 15 جون کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال، ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات سے آگاہ کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارشوں کے باعث مقامی سطح پر اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی حالات این ای او سی کی جانب سے چند ماہ قبل جاری کیے گئے موسمی جائزے اور پیشگی انتباہات کے مطابق ہیں۔

سیلاب الرٹ کے تحت خیبرپختونخوا کے چترال، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ میں ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم، باغ اور راولاکوٹ میں بھی مقامی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان کے گپس یاسین، غذر، دیامر، تانگیر، داریل اور گلگت کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے 12 سے 15 جون کے دوران گلگت بلتستان اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ-سکردو روڈ کے مختلف مقامات پر مٹی اور پتھر گرنے کے باعث عارضی بندش اور سفری مشکلات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ادارے کے مطابق چلاس، بشیداس، تھلپن، شینگس نالہ، شیطان نالہ، چماچو اور ٹورمک نالہ سمیت کئی حساس مقامات پر خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ عطاآباد ٹنل، شِمشال، خپلو اور مشرقی بلتستان کے علاقوں میں بھی پہاڑی تودے گرنے کا امکان موجود ہے۔

این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو شدید بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مشینری اور امدادی ٹیمیں تیار رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں