اہم خبریں

پنجاب اسمبلی سے منظور کیے گئے ہتک عزت کے قانون کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا

لاہور(نیوز ڈیسک )پنجاب اسمبلی سے منظور کیے گئے ہتک عزت کے قانون کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ میں درخواست صحافی جعفر احمد یار اور راجہ ریاض نے ایڈووکیٹ ندیم سرور کے ذریعے دائر کی تھی۔

درخواست میں وزیراعلیٰ اور گورنر پنجاب کے ذریعے پرنسپل سیکرٹری اور پنجاب حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہتک عزت کا قانون آئین اور قانون کے منافی ہے۔ ہتک عزت آرڈیننس اور ہتک عزت ایکٹ کی موجودگی میں نیا قانون نہیں بنایا جا سکتا۔

دائر درخواست میں کہا گیا کہ ہتک عزت کے قانون پر صحافیوں سے مشاورت نہیں کی گئی اور صحافیوں اور میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لیے جلد بازی میں لایا گیا۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ہتک عزت کے قانون کو کالعدم قرار دیا جائے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک اس پر عمل درآمد روک دیا جائے۔

واضح رہے کہ گورنر ہاؤس نے ہتک عزت بل پر قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خان کے دستخط کی تصدیق کردی ہے۔ دستخط کے بعد سمری وزارت قانون کو بھجوا دی گئی جسے جلد گزٹ کر دیا جائے گا۔نوٹیفکیشن کے بعد ہتک عزت کا قانون پنجاب میں باضابطہ طور پر نافذ ہو جائے گا اور اس کا اطلاق ہر شہری پر ہو گا۔
مزید پڑھیں: پشاور،تحریک انصاف کے رہنما علی زمان کو نامعلوم افراد نے تشدد کا نشانہ بناڈالا، اسپتال منتقل

متعلقہ خبریں