وفاقی وزیر توانائی کا خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کو خط، ملاقات کیلئے وقت مانگ لیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو خط لکھ کر ملاقات کے لیے وقت مانگا لیا ہے۔
مزید پڑھیں :آئی ایم ایف کے 29 اپریل تک کے شیڈول میں پاکستان کا معاشی جائزہ شامل نہیں ہے
سردار اویس احمد خان لغاری نے خط کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین سے بجلی چوری روکنے کے اقدامات پر ملاقات کی درخواست کی ہے۔وفاقی وزیر توانائی نے خط میں لکھا کہ خیبرپختونخوا میں بجلی چوری روکنے کے لیے پولیس کو مدد فراہم کی جائے۔

پولیس کی مدد سے خیبرپختونخوا میں بجلی چوری کے خلاف مہم کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پولیس کے تعاون میں ذاتی دلچسپی لینے کی درخواست کی۔ کے پی میں کام کرنے والی پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور ٹرائبل ایریاز الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) بدترین کارکردگی دکھانے والے ڈسکوز میں شامل ہیں۔

اویس احمد خان نے خط میں مزید لکھا کہ رواں مالی سال کے لیے پیسکو اور ٹیسکو کے نقصانات کا تخمینہ 188 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ صوبائی حکومتوں کے تعاون پر انحصار کرتے ہوئے نقصانات نے پاور سیکٹر کی پائیداری پر سوالات اٹھائے ہیں۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ٹیسکو کے زیر انتظام علاقوں میں کمزور حکومتی نفاذ کا چیلنج ہے۔

ممکنہ حل کے طور پر صوبائی حکومت ٹیسکو کے علاقوں میں ریکوری کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کرے۔ دوسرا ممکنہ حل یہ ہے کہ صوبائی حکومت ٹیسکو کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی کو اپنے قبضے میں لے لے۔