شاہ نورانی مزار پرجانیوالا زائرین کا ٹرک حادثے کا شکار، 17 افراد جاں بحق، 40 زخمی

کراچی(نیوزڈیسک)حب کے قریب شاہ نورانی کے مقام پر 100 سے زائد زائرین کو لے جانے والا ٹرک کھائی میں گرگیا، حادثے میں 17 افراد جاں بحق اور 40 دیگر زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق زائرین کو لے کر ٹرک کراچی سے شاہ نورانی کے مزار پر جا رہا تھا کہ کھائی میں جا گرا۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بتایا کہ سڑک حادثے میں 17 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ اس واقعے میں 40 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔سیکریٹری صحت عبداللہ خان نے بتایا کہ حادثے کے متعدد زخمیوں اور پانچ لاشوں کو سول اسپتال حب منتقل کردیا گیا۔حب کے جام غلام قادر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے

مزید یہ بھی پڑھیں:یو اے ای حکومت نے 24 قیراط سونے کا کرنسی نوٹ لانچ کردیا

ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔ٹرک میں سوار افراد کا تعلق اسی علاقے سے بتایا جاتا ہے۔بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بتایا کہ ٹرک کراچی سے شاہ نورانی جا رہا تھا۔شاہد رند نے مزید بتایا کہ شدید زخمیوں کو کراچی منتقل کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر سیکرٹری صحت بلوچستان حکومت سندھ سے رابطے میں ہیں۔شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کیا جائے گا۔