حکومت کی سرکاری ملازمین کیلئے نئی پنشن سکیم لانے کی تیاریاں

اسلام آباد(نیوزڈیسک) سرکاری ملازمین کو رضاکارانہ پنشن دینےکی تجویز سامنے آگئی۔ذرائع وزار ت خزانہ کے مطابق یکم جولائی سے نئی رضاکارانہ پنشن سکیم لانے کی تیاری کی جارہی ہے اور نئی اسکیم سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے تیار کرلی۔تمام نئی سرکاری بھرتیاں بھی رضاکارانہ پنشن سکیم کے تحت کرنے کا امکان تاہم پہلے سرکاری ملازمین کو پنشن بجٹ سے ہی دی جائے گی ۔البتہ وفاقی حکومت موجودہ سرکاری ملازمین کی رضامندی سے ان کو نئی اسکیم میں شامل کرنے کی کوشش کرے گی۔

سکیم کے تحت ملازمت کی تبدیلی کی صورت میں بھی پنشن سہولت ملتی رہیں گی۔ذرائع نے بتایا کہ رضاکارانہ پنشن سکیم کیلئے موجودہ ملازمین سے مشاورت لی جائے گی کہ وہ نئی اسکیم کا حصہ بنیں گے یا نہیں؟ اس حوالے سے فنڈ قائم کیاجارہا ہے جو ادارہ اور ملازم مل کر میچوئل فنڈ قائم کریں گے۔ مذکورہ سکیم کے تحت تنخواہ سے جتنی رقم کی کٹوتی کی جائے گی اتنی ہی رقم حکومت سرکاری ملازمین کوادا کرے گی ، ملازمین کو مذکورہ رقم انویسٹ کرکے اس کی اطلاع محکمے کو دینا ہوگی

مذکورہ اسکیم میں موجود سرکاری ملازم کی ملازمت ختم ہونے کے بعد اس کا تعلق حکومت سے ختم ہوجائیگا اور ملازم کی سرمایہ کاری سے آنیوالی رقم سے اسے پنشن دی جائے گی۔ ملک میں 43 پنشن فنڈ زکام کررہے ہیں جن میں 61 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جاچکی ہے، خیبر پختوخوا حکومت نے سب سے پہلے 2 سال قبل پنشن فنڈ میں سرمایہ کاری کی جہاں حکومتی ملازمین کیلئے 21 پنشن فنڈ کام کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت بھی ملازمین کیلئے رضاکارانہ پنشن اسکیم شروع کرنے کا سوچ رہی ہے