Your theme is not active, some feature may not work. Buy a valid license from stylothemes.com

پاکستان کے نئے وزیراعظم کا انتخاب آج ہو گا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) نومنتخب قومی اسمبلی آج اتوار کو ہونے والے خصوصی اجلاس میں قائد ایوان اور ملک کے نئے وزیراعظم کا انتخاب کرے گی۔
مزید پڑھیں:اسپین،جعلی نوٹ تیار کرنے والا پاکستانی گینگ گرفتار

تفصیلات کے مطابق حکمران اتحاد کی جانب سے شہباز شریف وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں جب کہ سنی اتحاد کونسل (ایس آئی سی) کی جانب سے عمر ایوب خان ان کے مدمقابل ہوں گے۔سپیکر قومی اسمبلی نے جانچ پڑتال کے بعد دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے۔پاکستان کے آئین کے مطابق قومی اسمبلی سے

وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے امیدوار کا مسلم ممبر قومی اسمبلی (MNA) ہونا ضروری ہے۔نئے وزیراعظم کا انتخاب آج صبح 11 بجے قومی اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں کیا جائے گا۔ وزیراعظم کے عہدے کے لیے انتخابی عمل شروع ہونے سے قبل

اسپیکر کے حکم پر پانچ منٹ تک گھنٹیاں بجائی جائیں گی۔گھنٹیاں بجانے کا مقصد تمام اراکین کو اسمبلی کے اندر جمع کرنا ہے۔ گھنٹیاں بجنے کے بعد ایوان کے دروازوں کو تالا لگا دیا جائے گا جس کے بعد قائد ایوان کا انتخاب ہونے تک کوئی بھی قومی

اسمبلی ہال سے باہر نہیں جا سکے گا اور نہ ہی اندر جانے کی اجازت ہو گی۔قائد ایوان کے انتخاب کے لیے ایوان کی تقسیم کا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد امیدواروں کے نام پڑھ کر سنائیں گے۔سپیکر قومی اسمبلی ایک نامزد امیدوار کے لیے دائیں لابی اور دوسرے کے لیے بائیں لابی مختص کریں گے۔

قومی اسمبلی کا ہر رکن جو امیدوار کو ووٹ دینا چاہتا ہے، اس طرف کی لابی کے دروازے پر اپنا ووٹ درج کرائے گا اور پھر انتخابی عمل مکمل ہونے تک لابی میں جائے گا۔بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی کی ووٹنگ مکمل ہونے کا اعلان کریں گے اور ایک بار پھر ارکان کی لابی سے ایوان میں واپسی کے لیے دو منٹ کے لیے گھنٹیاں بجائی جائیں گی۔

اس کے بعد سپیکر قومی اسمبلی کے قائد ایوان کے انتخابی نتائج کا اعلان کریں گے، اس طرح کامیاب امیدوار قومی اسمبلی میں قائد ایوان اور ملک کا نیا وزیراعظم بن جائے گا۔