بارشوں کے بعد ٹھنڈ میں اضافہ، انفلوئنزا پھیلنے کا خدشہ

کراچی(نیوزڈیسک)سندھ سمیت ملک کے دیگر صوبوں اور علاقوں میں فروری کے اختتام اور مارچ کے شروع ہوتے ہی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہونے سے ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا، جس سے ملک بھر میں انفلوئنزا پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

سندھ کے دارالحکومت کراچی سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں بھی 29 فروری اور یکم مارچ کو تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جاری رہی۔

سندھ سے قبل بلوچستان میں شدید بارشوں سے وہاں طغیانی ہوگئی اور صوبے میں ٹھنڈ پھیلنے سے بچوں، بزرگ افراد اور خواتین میں نزلہ، زکام، کھانسی اور بخار جیسی شکایات ہونے لگیں۔

ملک بھر میں بارشوں کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے جب کہ بچے اور بزرگ افراد تھوڑی سے بھی بے احتیاطی میں انفلوئنزا کا شکار ہو سکتے ہیں۔

مزیدپڑھیں:برآمدات بڑھ گئیں، تجارتی خسارے میں 30فیصدکمی

ماہرین صحت نے بارشوں کی وجہ سے ٹھنڈ میں اضافے کے باعث بچوں اور بزرگ افراد کو گھروں تک محدود رہنے اور خود کو گرم لباس میں ڈھانپ کر رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ انفلوئنزا وائرس ہوا کے ذریعے انسانی جسم میں داخل ہوتا ہے اور ناک، گلے اور پھیپڑوں کو متاثر کرتا ہے. اس بیماری کی نشانیوں میں بہتی ہوئی ناک، جسم اور گلے میں شدید درد اور بخار شامل ہیں۔

کیٹاگری میں : صحت