مغز کا سالن

دو عدد مغزپر(بکرے کے) ہلدی لگاکر پانی سے دھولیں۔اب ایک دیگچی میں پانی لے کر چولھے پر رکھیں اور اس میں چار لونگ اور لہسن کےچھے جوے ڈال کر اُبلنے دیں۔ ایک دو اُبال آنے پر اُتار کر رکھ دیں۔ پھر نمک، لال مرچ ، دھنیا آدھا چائے کا چمچ(پِسا ہوا)، ادرک 15گرام اور کالی مرچ ایک چٹکی مکس کرکے پِیس لیں۔پھر چھوٹے سائز کے دو عدد پیاز کاٹ کر فرائی کریں اور پیس کر اس میں پِسا ہوا مسالا شامل کردیں۔ اب دو عدد انڈے توڑ کر خُوب پھینٹ لیں اور اس میں چار کھانے کے چمچ میدہ، تیار شدہ مسالا اور تھوڑا سا گرم مسالا مکس کرکے یک جان کرلیں۔ اس کے بعد تیز چُھری کی مدد سے مغز کے برابر ٹکڑے کاٹیں۔ پین میں آدھا پائو تیل گرم کریں اور ایک ایک ٹکڑے کو انڈے والے آمیزے میں ڈبوکر تل لیں۔ چاروں طرف سے سُرخ ہوجائے، تو نکال لیں۔ ایک وقت میں ایک سے زیادہ مغزبھی تل سکتے ہیں۔ ڈش میں سلاد کے پتّے رکھ کر ان پر قرینے سے مغز کے ٹکڑے رکھیں اور چاروں طرف ٹماٹر، گاجر، اُبلے ہوئے آلو اور چقندر کے قتلے، پھول گوبھی،(اُبلی اور تلی ہوئی)، ہرا دھنیا اور ہری مرچیں سجا کر سَرو کریں۔